ھدیہ تشکر
محترمہ شہناز مزملؔ ایک علمی و ادبی شخصیت ہیں۔ تین درجن سے زائد کتب کی مصنفہ ہیں۔شعر و سخن میں بھی ایک خاص مقام حاصل ہے۔علاوہ ازیں روحانیت سے دلی لگاؤ ہے اور تصوف کو سر مایہ حیات سمجھتی ہیں۔ مزید برآن انہوں نے قرآن مجید کا منظوم مفہومی ترجمہ کر کے خواتین شعراء کے لئے ایک مثال قائم کر دی اور انہیں دعوت دی ہے کہ وہ بھی اس میدان میں آگے بڑھیں اور قرآن مجید کے زیرِ سایہ روحانیت اور تصوف کی روشنی سے اذہان اور قلوب کو منور کریں۔
قرآن پاک کا منظوم مفہوم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے تصحیح و تصدیق کے لئے یہ ذمہ داری مجھ پر ڈالی تا کہ اگر کسی قسم کی لفظی، معنوی اور مفہومی غلطی ہو تو اس کی اصلاح ہو جائے میں نے فی الحال سرسری طور پر اس کو دیکھا اور متاثر ہوا۔یقیناً یہ ایک بہت بڑی فضیلت کا کام ہے۔ مولا کریم ہمیں مل اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے کیونکہ
ایں سعادت بزورِ بازو نیست
تانہ بخشد خدائے بخشندہ
مفتی حافظ امیر علی صابری