ڈاکٹر شہناز مزمل جدید دور کے اردو شعرا ء میں منفرد مقام رکھنے والی صاحبہ طرز شاعرہ ہیں جن کے مداح پوری دنیا میں موجود ہیں۔ اردو پڑھنے اور سمجھنے والے وہ لوگ جو ڈاکٹر شہناز مزمل کی شاعری پڑھتے ہیں وہ ان کے دینِ اسلام سے لگاؤ سے بخوبی واقف ہیں۔ عشقِ الٰہی، عشقِ محمد مصطفیٰ ؐ اور قرآن پاک سے ان کی محبت کا اظہار ان کے شاعرانہ کلام میں جا بجا ملتا ہے۔ ان کے مجموعہ کلام رمزِ عشق، ندائے عشق، متاعِ عشق اور منتہائے عشق کے مطالعے نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔ ان تمام مجموعہ ہائے کلام سے بڑھ کر ان کے آڈیو پیغامات” آج کی بات” نے میری زندگی میں جو سکون و اطمینان اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ قلبی و روحانی ربط پیدا کیا ہے اس کے لیے میں ان کی شکر گزار ہوں۔
ڈاکٹر صاحبہ کی ایک عظیم ادبی کاوش قرآن پاک کا منظوم مفہوم تحریر کرنا ہے۔ انہوں نے بڑے شوق، لگن اور احترام سے اس کام کو انجام دیا ہے۔ وہ مجھ سے اس بات کا تقاضا کرتی تھیں کہ میں اس منظوم مفہوم کے شائع ہونے سے پہلے اپنی یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ سے اس کی اصلاح کروا دوں تاکہ وہ اطمینان سے اسے شائع کرا لیں۔ میں نے اس سلسلے میں ان کی مدد کی جس کے ساتھ ہی انہوں نے پر اعتماد طریقے سے اپنا کام مکمل کرلیا۔ مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر صاحبہ اس شاہکار کو شائع کروا کر قارئین تک پہنچا رہی ہیں۔ میں دینی و ادبی میدان میں ان کی مزید کامیابیوں اور بلندیوں کے لیے دعا گو ہوں۔
پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور
چیئر پرسن شعبہ زوالوجی